کینیڈا میں آنگ سان سوچی کی اعزازی شہریت ختم کرنے کیلئے قرار داد متفقہ طور پر منظور
روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جرائم روکنے میں ناکامی کے بعد کینیڈا کے اراکانِ پارلیمان نے میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی کی اعزازی شہریت ختم کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے، کینیڈا کے دارالعوام میں یہ قرارداد ایسے وقت میں منظور کی گئی جب ایک روز پہلے ہی ملک کے وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ ملکی پارلیمان یہ سوچ رہی ہے کہ آیا آنگ سانگ سوچی اب بھی اعزازی شہریت کی مستحق ہیں یا نہیں،، تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس قرارداد سے میانمار کی مسلمان اقلیت کے ان لاکھوں افراد کی حالت زار کا خاتمہ نہیں ہوگا،اس ماہ کے اوائل میں کینیڈا کے دارالعوام نے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی جس میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جرائم کو قتلِ عام قرار دیا گیا تھا، آنگ سانگ سوچی پر مسلمانوں کے خلاف جرائم کے باعث ملکی فوج کی مذمت کرنے کے لیے سخت عالمی دباؤ تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔