احتساب عدالت سابق وزیر خزانہ کی جائیداد فروخت سے متعلق نیب کی درخواست پر سماعت کرے گی۔
نیب نے گزشتہ روز عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ اسحاق ڈار مفرور ہیں ان کی پاکستان میں موجود تمام جائیدادیں فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے آج سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔ نیب کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے مفرور ہیں، ملزم بیماری کا بتا کر بیرون ملک گیا اور وہاں روز مرہ سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہا ہے۔ درخواست کے متن کے مطابق اسحاق ڈار کی کچھ جائیداد ضبط کی جا چکی ہے اور کچھ جائیداد اس عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ نیب نے استدعا کی ہے کہ عدالت اسحاق ڈار کی باقی جائیداد سے متعلق بھی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے ریونیو آفیسرز کو نمائندے مقرر کرنے کا حکم دے۔ نیب نے اپنی درخواست میں یہ بھی استدعا کی کہ اسحاق ڈار کی منقولہ جائیداد کو فروخت کرنے کے احکامات بھی دیئے جائیں جب کہ ملزم کی جائیداد سے کرائے کی مد میں حاصل ریونیو قومی خزانے میں جمع کرایا جائے۔