آرمی چیف نے گیارہ خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 11دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی، دہشتگردوں پر مجموعی طور پر 69افراد کے قتل کا الزام تھا، ان دہشت گردوں نے 49 شہریوں، 20 فوجی اور پولیس اہلکاروں کو شہید کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 11 دہشت گردوں سے گرفتاری کے وقت اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا، جبکہ ان کے خلاف ملٹری کورٹ میں مقدمات کی سماعت ہوئی۔ یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں،فوج، تعلیمی اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والے ان دہشت گردوں کے ہاتھوں 148 افراد زخمی بھی ہوئے، آرمی چیف نے 4دہشتگردوں کو مختلف نوعیت کی سزاوں کی بھی توثیق بھی کردی، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا۔