جرمنی کےالیکشن میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کو سبقت
جرمن انتخابات کے ایگزٹ پولز کے مطابق بائیں بازو کی پارٹی سی پی ڈی کو چانسلر انگیلا میرکل کے قدامت پسند سیاسی اتحاد پر برتری حاصل ہے۔ تاہم حکومت سازی کے لیے اسے اتحادی پارٹیوں کی ضرورت ہو گی۔جرمن الیکشن کے ایگزٹ پولز کے مطابق حکمران سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین اور اس کی ہم خیال کرسچن سوشل یونین کو مجموعی طور 24.3 فیصد ووٹ ملے جبکہ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی25.9 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ان ابتدائی ایگزٹ پولز کے مطابق گرین پارٹی کو 14.5 فیصد جبکہ متبادل برائے جرمنی اے ایف ڈی اور فری ڈیموکریٹک پارٹی ایف ڈی پی کو بالترتیب 10.5 اور 11.5 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق دیگر چھوٹی پارٹیوں کو تقریبا آٹھ فیصد ووٹ ملے ہیں۔جرمن الیکشن کے ابتدائی نتائج تو سامنے آ گئے ہیں لیکن نئی حکومت کی تشکیل اور نئے چانسلر کے انتخاب کے عمل میں وقت لگے گا۔ اس وقت تک انگیلا میرکل قائم مقام چانسلر رہیں گی۔