فلسطینی تنظیموں کا فلسطینی شہدا کے قتل عام کا بدلہ لینے کا اعلان
فلسطینی تنظیموں نے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور فلسطینی شہدا کے قتل عام کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا جبکہ فلسطینی اتھارٹی سے صہیونی ریاست کا ہر سطح پر بائیکاٹ کرنے اوراسرائیل کے ساتھ ساتھ جاری سکیورٹی تعاون ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی تنظیموںنے کہا ہے کہ غرب اردن کے شمالی شہر جنین اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کے قتل عام کے واقعات پر فلسطینی قوم خاموش نہیں رہے گی اور نہ ہی فلسطینیوں کا خون رائیگاں جائے گا۔فلسطین کی مختلف قوتوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ پانچ نہتے فلسطینیوں کی بے دردی کے ساتھ شہادت کے بعد قابض دشمن کے ساتھ سکیورٹی تعاون جاری رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے۔اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور شہدا کی وصیتوں کے مطابق فلسطینی قوم ان کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے دشمن کے خلاف آزادی کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی۔فلسطینی مزاحمتی کمیٹیز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنین اور القدس میں پانچ فلسطینیوں کی شہادت کے بعد پوری فلسطینی قوم شدید غم وغصے میں ہے اور ہم قابض دشمن کے جرائم کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے بھی قابض اسرائیلی ریاست کے جرائم اور پانچ فلسطینیوں کے بے دردی کیساتھ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دشمن کا ناقابل معافی جرم قرار دیا ہے۔