کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں کار پر فائرنگ سے پروفیسر وحیدالرحمان جاں بحق

جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ کے اسسٹنٹ پروفیسر وحیدالرحمان یونیورسٹی جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ایف بی ایریا میں ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وحیدالرحمان کے چہرے، سر اور سینے پر 4 گولیاں لگی ہیں، جائے واردات سے نائن ایم ایم پستول کے 6 خول برآمد ہوئے۔ وحیدالرحمان جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ میں اسسٹنٹ پروفیسر تھے اور یاسر رضوی کے نام سے جانے جاتے تھے۔ اسسٹنٹ پروفیسر وحیدالرحمان کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی جامعہ کراچی میں تدریسی عمل 2 روز کیلئے معطل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ڈاکٹر وحیدالرحمان کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو سے رپورٹ طلب کر لی ہے