کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا:آرمی چیف
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ کیا ، اس موقع پر کورکمانڈر اور ڈی جی رینجرز نے آرمی چیف کو کراچی آپریشن اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جنرل راحیل شریف نے کراچی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا ، اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ این اے دو سو چھیالیس میں پرامن ضمنی انتخابات کے انعقاد پر رینجرزکا کردار قابل تحسین ہے، کراچی آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتاخوری کے واقعات میں کمی آئی ہے،ٹارگٹڈ آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی سے مافیا کے خاتمے کے لیے کام کرتے رہیں گے،آپریشن بلاامتیاز اور بڑے پیمانے پر ہورہا ہے، معیشت میں بہتری کے لیے کراچی میں امن وامان ترجیح ہے،آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قتل و غارت کے حالیہ واقعات کو دیکھتے ہوئے سیکیورٹی ادارے حکمت عملی پر نظر ثانی کریں،اور رینجرز کیساتھ مل کر مجرموں کا تعاقب کریں-