اگر ثبوت تھیلوں میں ہیں تو پھر عمران خان کے پاس کیا ہے: نواز شریف
لندن میں وطن روانگی سے پہلے سینٹرل لندن پارک لین میں اپنی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ برطانیہ ہمیشہ پاکستان کا اچھا دوست رہا ہے، ہمارے برطانیہ کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں اور برطانیہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں بہت تعاون کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں بجلی سمیت کئی شعبوں میں بہت بڑی سرمایہ کاری کر رہا ہے، جو پاک چین دوستی کا ثبوت ہے، چین اقتصادی راہداری میں بہت بڑی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور یہ کوئی گرانٹ یا قرضہ نہیں ،جب کہ چینی سرمایہ کاری سے سڑکیں بنیں گی اور گوادر میں نیا ایئر پورٹ بھی بنے گا، ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کنٹینر کی گندی سیاست کا دوبارہ متحمل نہیں ہوسکتا، عمران خان نے کہا کہ تھیلے کھولیں دھاندلی کے ثبوت ان میں موجود ہیں، اگر ثبوت تھیلوں میں ہیں تو پھر عمران خان کے پاس کیا ہے، انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج بہت اچھے آئے ہیں،آئندہ عام انتخابات میں بھی ن لیگ کامیاب ہو گی، جب کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج بھی ہمارے حق میں آئیں گے،سماجی کارکن سبین محمود کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مجرمان کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔