برطانیہ: کورونا سے پاکستانی ڈاکٹر جاں بحق
برطانیہ میں کورونا وائرس کی وبا میں مبتلا ہو کر ایک اور پاکستانی ڈاکٹر جاں بحق ہو گئے۔کورونا وائرس کا شکار ہونے والے برٹش پاکستانی ڈاکٹر ناصر خان بولٹن اسپتال میں گزشتہ 2 ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے۔واضح رہے کہ برطانیہ بھر میں کورونا وائرس کے ناصرف مریضوں کی تعداد میں بلکہ اس سے ہونے والی اموات کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔برطانیہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔کورونا وائرس سے برطانیہ میں اموات کی تعداد 21 ہزار 678 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 61 ہزار 145 ہو گئی۔برطانیہ بھر میں 1 لاکھ 39 ہزار 123 مریض اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 1 ہزار 559 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 31 لاکھ 38 ہزار 413 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 17 ہزار 985 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 19 لاکھ 64 ہزار 604 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 56 ہزار 965 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 9 لاکھ 55 ہزار 824 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔۔