ملک میں کورونا کے باعث الارمنگ صورتحال، این سی او سی کی 8 مئی سے لاک ڈاؤن کی تجویز
کوئٹہ:ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے باعث الارمنگ صورتحال ہے،این سی او سی نے 8 مئی سے لاک ڈاؤن کی تجویز دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل ملک میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں، ملک میں کورونا کے باعث الارمنگ صورتحال ہے،این سی او سی نے 8 مئی سے لاک ڈاؤن کی تجویز دی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پرسوں20.5فیصد شرح سےکیسزرپورٹ ہوئے اور آخری ہفتے میں 20 فیصد شرح تک کیسز رپورٹ ہوئے۔ لیاقت شاہوانی نے کہا کہ فروری کے مقابلے میں 6گنا اموات میں اضافہ ہوا ہے، صحت یابی کی شرح بھی تیسری لہر میں کم رپورٹ ہورہی ہے،صوبے میں بیشتر کیسز کوئٹہ ،لسبیلہ، ژوب،چاغی سے رپورٹ ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 407 آکسیجن سلنڈرز صوبے کے 21 ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کو فراہم کئے گئے ہیں جبکہ 3552 افراد کو کورونا سے بچاؤکی ویکسین دیدی گئی ہے۔