چاہوں تو شیخ رشید اور انکے ساتھیوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوجائے، وزیر داخلہ
اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چاہوں تو شیخ رشید اور اس کے ساتھیوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو جائے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز مدینہ منورہ میں قابل افسوس واقعہ ہوا اور قابل احترام مقام پر غیر شائستہ جملے بولے گئے۔ مدینہ منورہ میں چیخا گیا اور بلند آواز سے نعرے لگائے گئے اور مدینہ منورہ میں جو ہوا وہ اتفاقاً نہیں بلکہ منظم منصوبہ بندی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ اور سابق وزیر اعظم کے بیانات ریکارڈ پر ہیں جبکہ جہلم والے سابق وزیر کہتے ہیں ان کا باہر نکلنا مشکل ہو جائے گا۔ گزشتہ دور میں ہمیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا اور بےبنیاد الزامات لگائے گئے۔ اگر چاہوں تو شیخ رشید اور اس کے ساتھیوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو جائے گا لیکن اس طرح کی حرکتوں سے سیاست مشکل ہو جائے گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جمہوری روایات کے مطابق مقابلہ کریں ایسے حربے نہ استعمال کریں اور میں نے ہر بندے کو پارٹی کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے سے روکا ہے۔ آپ نے پونے 4 سال بہت امتحان لیا، فرح خان کے خلاف جوالزامات ہیں وہ ان پر نیب اور ایف آئی اے کو جوابدہ ہیں۔