دنیا اب ہمیں پیسے دینے کو تیار نہیں ہے، مفتاح اسماعیل کا اعتراف
سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اعتراف کیا کہ دنیا اب ہمیں پیسے دینے کو تیار نہیں ہے کیونکہ ہم ایک سے قرضہ لے کر دوسرے کو دیتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن حالات میں پھنسےہیں نکلنےمیں 2سے3 سال لگیں گے کیونکہ پاکستان لانگ ٹرم مسائل میں پھنسا ہے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم گورننس میں بھارت ،بنگلادیش سے بھی پیچھے ہیں، گورننس کاسسٹم ناقص اورفرسودہ ہوچکاہے، اس سال 6 ہزار ارب روپے سود کی مد میں دینے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ سسٹم کو تبدیل نہیں کریں گے تو آگے نہیں بڑھ سکتے، ہم ایک سے قرضہ لے کر دوسرے کودیتےہیں، اب دنیا آپ کو پیسے دینے کو تیارنہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سال ہزارارب روپے کا بجٹ کا خسارہ اور 7500ارب روپے ٹیکس کی مد میں اکٹھاہوگا جبکہ صوبوں کو 4500ارب اور وفاق کے پاس 3 ہزار ارب رہ جائیں گے۔ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ ہمیں ٹیکس نیٹ اور ایکسپورٹ کو بڑھانا ہوگا، جب وزیرخزانہ تھا تو کوشش تھی ملک کو ڈیفالٹ سے بچالیں گے۔