واٹس ایپ کا بڑا اعلان، پرانے آئی فونز پر سروس بند کرنے کا فیصلہ

Apr 29, 2025 | 13:38

 واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ مئی 2025 سے وہ کچھ پرانے آئی فون ماڈلز پر اپنی سروس بند کر دے گا۔ اس اقدام کے تحت اب صرف وہی صارفین واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے جن کے آئی فونز میں iOS 15.2 یا اس سے جدید ورژن انسٹال ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق آئی فون 5s، آئی فون 6، اور آئی فون 6 پلس جیسے پرانے ماڈلز پر واٹس ایپ کی سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے کیونکہ ایپل ان پرانے ورژنز کے لیے سیکیورٹی اپڈیٹس فراہم کرنا بند کر چکا ہے، جس کے باعث ڈیٹا لیک یا دیگر سیکیورٹی خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ واٹس ایپ نے حالیہ عرصے میں متعدد نئے پرائیویسی فیچرز متعارف کرائے ہیں، جن میں مخصوص چیٹس کو لاک کرنا شامل ہے جو صرف پاس ورڈ، فنگر پرنٹ یا فیس آئی ڈی کے ذریعے کھولی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ، ’Silence Unknown Callers’ فیچر صارفین کو ناپسندیدہ نمبروں سے آنے والی کالز سے محفوظ رکھتا ہے، جبکہ ’Privacy Checkup’ کی مدد سے صارفین اپنی پرائیویسی سیٹنگز کو بہتر انداز میں منظم کر سکتے ہیں۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ تمام نئے فیچرز ہر پرانے ڈیوائس پر دستیاب نہیں ہوں گے، کیونکہ کچھ ماڈلز کی تکنیکی حد بندیاں انہیں جدید فیچرز سے ہم آہنگ نہیں ہونے دیتیں۔ واٹس ایپ استعمال کرنے والے ان صارفین کو، جو ابھی تک پرانے آئی فونز پر انحصار کر رہے ہیں، مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جدید آئی فون ماڈلز جیسے آئی فون 13 یا 14 پر اپگریڈ کر لیں تاکہ نئی اپڈیٹس اور بہتر سیکیورٹی سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ 

مزیدخبریں