لاہور میں موسلا دھار بارش نے ایک بار پھر انتظامیہ کے دعوؤں کا پول کھول دیا
لاہور میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے جہاں معمولات زندگی بری طرح متاثرہوئے وہیں سڑکیں بھی ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ سڑکوں پر بارش کے پانی سے کئی گاڑیاں بھی بند ہو گئیں۔ عابد مارکیٹ، سپریم کورٹ رجسٹری، وارث روڈ، مال روڈ، جیل روڈ اور فیروز پور روڈ سمیت متعدد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ گزشتہ سات روز کے دوران تیسری بار ہونیوالی موسلا دھار بارش نے واسا کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ ہر سال مون سون سے قبل ایل ڈی اے اور واسا کو کروڑوں روپے کی فنڈ جاری ہونے کے باوجود نکاسی آب کا مناسب نظام نہ ہونے کے باعث لاہور کے باسیوں کو بارش کے بعد سڑکوں پر کئی فٹ تک پانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں پنجاب،سندھ اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ فاٹا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواوُں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈ نگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب، سندھ اورکشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں، ڈی آئی خان، سبی ، خضدار ڈویژن، فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بہاولنگر میں تریپن اور جہلم میں چھیالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ چوبیس گھنٹے میں پنجاب، سندھ اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ کے پی ، اسلام آباد، مشرقی بلوچستان ، فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوُں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈ نگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی تربت میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں درجہ حرارت تینتیس،اسلام آباد میں تیس، کراچی تیس، کوئٹہ میں پینتیس اور پشاور میں سینتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔