پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ واجد ضیا نے نیب راولپنڈی کے سامنے بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔واجد ضیاء کل نیب لاہور میں بھی اپنا بیاں ریکارڈ کرائیں گے
پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا بطور گواہ رینجرز سکیورٹی میں نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے شریف فیملی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے سلسلے میں نیب حکام کے سوالات کے تفصیلی جواب دئیے۔ نیب نے جے آئی ٹی کے تمام ارکان کو بطور گواہ شامل تفتیش کیا ہے۔ راولپنڈی میں بیان ریکارڈ کرانے کے بعد واجد ضیاء لاہور روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ کل نیب لاہور میں بھی بیان قلمبند کرائیں گے۔ دوسری جانب نیب کی جانب سے پاناما کیس میں شریف فیملی اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دس ستمبر تک احتساب عدالت میں دائر کردئیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں نیب ہیڈ کوارٹر نے نیب لاہور اور راولپنڈی کو پاناما کیس کی تحقیقاتی رپورٹ عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں سے قبل پیش کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔