حج 2019 سیزن میں 787 حجاج کرام کے دل کے کامیاب آپریشن کئے گئے۔
رواں سال حج سیزن کے دوران سعودی وزارت صحت مکہ مکرمہ کے کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں حجاج کرام کے مجموعی طور پر دل کے 787 آپریشن کرنے میں کامیاب رہی۔ یکم ذوالقعدہ سے تیرہ ذوالحجہ تک ہونے والے ان آپریشنوں میں 42 اوپن ہارٹ سرجریز اور Cardiac Catheterization کے 745 کیس ہیں۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق سعودی وزارت صحت کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں روزانہ کی بنیادوں پر دل کے خصوصی آپریشن انجام دے رہی ہے۔ مذکورہ میڈیکل سٹی مکہ مکرمہ صوبے کی ایک اہم ترین طبی تنصیب شمار ہوتی ہے۔ خصوصی نگہداشت اور دیکھ بھال کے سلسلے میں اس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ وزارت صحت کے مطابق کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں آنے والوں کو امراض قلب اور دل کے آپریشن کے میدان میں عالمی معیار کے مطابق جامع اور مربوط خدمات پیش کی جاتی ہیں۔ یہاں مشاورت اور آپریشن کے لیے انتہائی قابل ڈاکٹروں کا بورڈ موجود ہوتا ہے۔ ان کے علاوہ اعلی مہارت کا حامل نرسنگ اسٹاف بھی ہمہ وقت اپنی ذمے داریاں بخوبی انجام دے رہا ہوتا ہے۔ کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی کا ہارٹ سینٹر مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ کے تمام ہسپتالوں کے ساتھ رابطہ کاری میں رہتا ہے تا کہ دل کے امراض کے حوالے سے متاثرہ افراد کو فوری طور پر میڈیکل سٹی منتقل کیا جا سکے۔ ہارٹ سینٹر میں دل کے امراض کے علاج سے متعلق تمام خدمات پیش کی جاتی ہیں۔