وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سری لنکن ہم منصب تلک مارا پانا سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں نہتے انسانوں کے قتل عام کا خطرہ ظاہر کر چکی ہیں ۔ بھارت جبری ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو نہیں دبا سکتا ۔ جمعرات کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب تلک مارا پانا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں سری لنکن وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آگاہ کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کی اور یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ۔ بھارت کشمیر میں جبری ہتھکنڈوں سے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتاہے ۔ وادی میں مسلسل کرفیو کے باعث خوراک ، ادویات کی شدید قلت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے جبری ہتھکنڈوں سے پورے خطے کے امن کو خطرہ ہے ۔ عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں نہتے انسانوں کے قتل عام کا خطرہ ظاہر کر چکی ہیں ۔ تلک مارا پانا نے کہا کہ سری لنکا مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنا مثبت کردار ادا کرے گا اور ہم شاہ محمود قریشی کے جلد دورہ سری لنکا کے منتظر ہیں ۔