پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ کل مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے باہر نکلے:وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ آج مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے باہر نکلے، پوری قوم آج مودی سرکار کی بربریت کے خلاف سراپا احتجاج ہو گی۔ اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں روزانہ کشمیری عوام بشمول معصوم بچوں اور خواتین کو قتل اور زخمی کیا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی طرف سے تمام اخلاقیات کی حد کو پار کرتے ہوئے قوانین کو پامال کیا جا رہا ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے جو کہ فورتھ جنیوا کنونشن کے جنگی جرائم کی زد میں آتا ہے۔ وزیراعظم نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ کل پوری قوم کو کشمیریوں کے لئے اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ سارے پاکستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آج بارہ بجے سڑکوں پر آئیں اور مظلوم کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔ عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بارہ بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک سڑکوں پر موجود رہتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یہ پیغام دیں گے ساری پاکستانی قوم بھارتی فوج کی جارحیت اور بربریت اور چوبیس دنوں سے جاری کرفیو کے خلاف کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے۔