افغانستان سے انخلا میں جلد بازی، برطانوی سفارت خانے کا عملہ ملکہ کی تصویر چھوڑ گیا
برطانوی سفارت خانے کا عملہ افغانستان سے انخلا میں جلدی کے چکر میں ملکہ برطانیہ کی تصویر سفارت خانے میں ہی چھوڑ کر چلا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام نے جلد بازی میں کابل میں موجود برطانیہ کے سفارت خانے کو بند اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو بھی مکمل طور پر بند کردیا۔ برطانوی عملہ جلد بازی میں ملکہ برطانیہ کا پوٹریٹ اور اہم دستاویزات سفارت خانے میں ہی بھول گیا۔ سفارت خانہ خالی ہونے کے بعد طالبان نے اس کا کنٹرول سنبھال لیا اور انہوں نے اندر موجود دستاویزات کی تصدیق بھی کی ہے۔ افغان طالبان نے برطانیہ کو یقین دہانی کرائی کہ ملکہ کی تصویر اور دیگر دستاویزات کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، کسی بھی چیز کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ طالبان کا کہنا ہے کہ جب تک برطانیہ ہماری حکومت کو تسلیم کرکے اپنےسفارت کار واپس نہیں بھیج دیتا تب تک ہرچیز جوں کی توں رکھی جائےگی اور ہم ملکہ کی تصویر کا بھی خیال رکھیں گے۔