پی سی بی کا 20 خواتین کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 23 ماہ کے لیے 20 خواتین کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے جس کی مدت یکم اگست2023 ء سے جون 2025ء تک ہے، تاہم ایک سال بعد ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ چار خواتین کرکٹرز انوشے ناصر، ایمان فاطمہ، شوال ذوالفقار اور ام ہانی پہلی بار پاکستان کرکٹ بورڈ کا سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کراچی میں جاری جنوبی افریقہ سیریز کے کیمپ کے دوران دیئے گئے جو انہوں نے دستخط کر دیئے۔ انوشے ناصر، ایمان فاطمہ، نجیہہ علوی اور شوال ذوالفقار انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی ہیں جبکہ ام ہانی نے گزشتہ سال آئرلینڈ کے خلاف اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ گزشتہ سال بھی 20 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے تھے۔ ان کرکٹرز کو چار کیٹگریز اے بی سی اور ڈی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ڈی کیٹگری کو ایمرجنگ کیٹگری کی حیثیت حاصل ہوگی۔ کپتان ندا ڈار اور بسمہ معروف نے اے کیٹگری میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹرز میں 535 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود سدرہ امین سینٹرل کنٹریکٹ میں سی کیٹگری سے اے کیٹگری میں آگئی ہیں۔