نعمان جاوید 'چائے والے' کے بڑے بھائی بنیں گے
لاہور(کلچرل رپورٹر)کے ایک چائے کے سٹال سے مقبولیت حاصل کرنے والے ارشد خان کی پہلی فلم 'کبیر' میں اب ان کے ساتھ گلوکار نعمان جاوید بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔یہ صرف چائے والے ارشد خان کی ہی نہیں بلکہ گلوکار نعمان جاوید کی بھی ڈیبیو فلم ہوگی جسے 2017 میں ریلیز کیا جائے گا۔ گلوکار نعمان جاوید نے بتایا کہ اس فلم میں میرا کردار ایک ولن کا ہے، ایک ایسے شخص کی کہانی جس کی زندگی کی اچھی شروعات ہوتی ہے تاہم بعد ازاں جرائم کی دنیا سے تعلق بڑھ جاتا ہے، چائے والا ارشد خان بھی اس فلم کا حصہ ہیں جو میرے چھوٹے بھائی کا کردار ادا کرتے نظر آئے گا۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز نہیں ہوا، تاہم امید ہے کہ اسے اگلے سال عید سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔ گلوکاری کے حوالے سے نعمان جاوید نے بتایا کہ اپنا میوزک کیریئر جاری رکھوں گا، جب تک میں گانے گا سکتا ہوں اور انہیں کمپوز کرسکتا ہوں یہ جاری رہیں گے۔