جنوبی افریقہ کی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پرگرفت مضبوط،432 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پورٹ الزبتھ ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) سٹیفن کک کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی، پروٹیز نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 351 رنز بنا کر مجموعی طور پر 432 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، کپتان فاف ڈوپلیسی 43 اور کونٹن ڈی کوک 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پہلی اننگز میں 81 رنز کی برتری ملنے کے بعد جنوبی افریقن اوپننگ بلے بازوں سٹیفن کک اور ڈین ایلگر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 116 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی پوزیشن کو مستحکم کیا، کک 117 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ایلگر نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، قبل ازیں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 205 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئی تھی، ورنن فلینڈر نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم نے 181 رنز 7 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو دھانن جایا ڈی سلوا 43 اور دشمانتھا چمیرا 7 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پہلے ہی اوور میں فلینڈر نے ڈی سلوا اور سرنگا لکمل کو آﺅٹ کر کے پویلین بھیجا، سلوا 43 اور لکمل 4 رنز بنا سکے، 205 کے سکور پر سری لنکا کی آخری وکٹ گری جب چمیرا 19 رنز بنا کر کائل ایبٹ کی گیند کا نشانہ بنے، اسطرح سری لنکا کو 81 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، فلینڈر نے 5 ایبٹ نے 3، ربادا اور مہاراج نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں جنوبی افریقن ٹیم نے دوسری اننگز شروع کی تو سٹیفن کک اور ڈین ایلگر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 116 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، ایلگر 52 رنز بنا کر لکمل کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر ہاشم آملہ نے کک کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 105 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 221 تک پہنچا دیا، یہاں پر پرادیپ نے آملہ کو 48 کے انفرادی سکور پر آﺅٹ کر دیا، 245 کے مجموعی سکور پر کک 117 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد چمیرا کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، جے پی ڈومینی 25 اور باووما 8 رنز بنا کر ڈی سلوا کا شکار بنے، اس موقع پر ڈی کوک اور کپتان ڈوپلیسی نے میدان سنبھالا، دونوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مزید نقصان نہ ہونے دیا، دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ میں 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی، اسطرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پروٹیز نے 5 وکٹوں پر 351 رنز بنا کر مجموعی طور پر 432 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، ڈوپلیسی 43 اور کوک 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، دھانن جایا ڈی سلوا نے 2 جبکہ سرنگا لکمل، نووان پرادیپ اور دشمانتھا چمیرا نے ایک، ایک وکٹ لی۔