بھارت میں بچوں سے جنسی زیادتی کے ملزموں کو سزائے موت دینے کا فیصلہ
بھارت کی مرکزی کابینہ نے بچوں اور نوعمروں کے ساتھ جنسی استحصال کے مجرموں کو سزائے موت دینے سے متعلق ترمیم کی منظوری دے دی۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں پوکسو ایکٹ، 2012ءمیں ترمیم کی تجویز منظور کی گئی۔بچوں اور نوعمروں کو جنسی جرائم سے بچانے کے لئے 2012ءمیں پوکسو قانون بنایا گیا تھا۔ اس میں 18برس سے کم عمر کے نوعمراور بچے کے جنسی استحصال کے قصوروار کو سخت سزا کا التزام کیا گیا تھا۔بھارت میں بچوں کے جنسی استحصال کے بڑھتے واقعات پر لگام لگانے کے مقصد سے یہ ترمیم کی گئی ہے۔ مجرموں کو سزا دینے کے لئے پوکسو قانون 2012ءکی دفعہ 4,5, 6, 9, 14, 15اور 42 میں ترمیم کی گئی ہے۔ دفعہ 4,5 اور 6 میں ترمیم کرکے اب یہ التزام کیا گیا ہے کہ جنسی استحصال کے بربر معاملات میں اب مجرم کو سزا ئے موت بھی دی جاسکے گی۔