وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جلد سندھ کا دورہ کریں گے
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے فواد چوہدری کو صوبہ سندھ کے حوالے سے خصوصی ٹاسک دے دیا جس کے بعد وزیر اطلاعات کا دورہ سندھ متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا جعلی اکاؤنٹس کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) میں نام آنے کے پیش نظر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اطلاعات ذوالفقار مرزا، امیر بخش بھٹو اور دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، فواد چوہدری جے آئی ٹی رپورٹ پر سیاسی رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری وزیر اعظم کا خصوصی پیغام بھی سیاسی رہنماؤں کو پہنچائیں گے۔