وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے افغان سفیر کی ملاقات
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان مذہبی ، ثقافتی اور سماجی اقدار میں جڑے ہوئے ہیں برادر اسلامی ملک کی ترقی و تعمیر نو میں پاکستان ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، انہوں نے ان خیالات کا اظہار افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل سے گفتگو کے دوران کیا ، تفصیل کے مطابق منگل کو وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے افغان سفیر نے ملاقات کی ، دونوں رہنماوں کے مابین باہمی تعلقات اور دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ افغانستان کا امن پورے خطے کی پائیدار ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے، پاکستان اور افغانستان مذہبی ، ثقافتی اور سماجی اقدار میں جڑے ہوئے ہیں برادر اسلامی ملک کی ترقی و تعمیر نو میں پاکستان ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے ہر کڑے وقت میں بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے ،طویل عرصہ تک افغان مہاجرین کی میزبانی کر کے پاکستان نے ایک مثال قائم کی ہے طورخم بارڈر پر عوام اور تاجروں کیلئے اضافی سہولیات کے اجرا پر حکومت پاکستان کے شکر گذار ہیں،دونوں رہنماﺅں نے پاک افغان عوام اور تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔