بھارت فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر کے ذریعے عالمی برادری پر واضح کردیا، بھارت فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے ہم پر کسی قسم کا دباﺅ نہیں، سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں، ای یو ڈس انفو لیب نے بھارت کے گھناﺅنے عزائم کو مزید بے نقاب کردیا ہے،تفصیلات کے مطابق منگل کو اپنے بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالنے جا رہی ہے، سوچنے کی بات یہ ہے انہیں اس کی ضرورت کیوں پیش آئی،وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دو ٹوک ہے، اس پر ہم کل بھی قائم تھے اور آج بھی قائم ہیں، اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے،انہوں نے کہا کہ مولانا اجمل قادری کا بیان تہلکہ خیز اور وضاحت طلب ہے، لیگی قیادت کو بتانا ہوگا مولانا اجمل کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لے کر اسرائیل گئے؟وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے ہم پر کسی قسم کا دبا ﺅنہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،سعودی عرب کا بہت بڑا وفد جلد پاکستان آرہا ہے، وفد میں سعودی وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی، سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر کے ذریعے عالمی برادری پر واضح کیا، بھارت اندرونی ناگفتہ صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر سکتا ہے، بھارت فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے،وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان دہشت گردوں کی تربیت اور کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے، ہندوستان پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ای یو ڈس انفو لیب نے بھارت کے گھناﺅنے عزائم کو مزید بے نقاب کردیا ہے۔