لکی مروت میں بجلی، گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف خواتین کا دھرنا

خیبرپختونخوا (کے پی) کے خلع لکی مروت میں بجلی اور گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف خواتین کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا اور دھرنا دےدیا۔
لکی مروت میں بجلی اور گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف پہلی مرتبہ خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور احتجاج کیا۔خواتین نے روایتی برقعہ پہن رکھا تھا اور صبح 9 بجے لکی میانوالی کے مرکزی روڑ پر احتجاج شروع کیا جس کے نتیجے میں روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک ہوگیا۔مظاہرے کی قیادت کرنے والی بزرگ خاتون نے کہا کہ ‘ہم اپنے گھروں سے باہر کیوں آئی ہیں’ اور کہا کہ حکومت نے انہیں سڑک پر نکلنے کے لیے مجبور کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعے میں گیس اور بجلی دونوں کا طویل تعطل ہے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ خاتون نے کہا کہ ‘ہمیں روزانہ 14 گھنٹے گیس اور تقریباً 18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے’ اور کہا کہ صورت حال نے انہیں اور دیگر خواتین کو اپنے حقوق کے لیے احتجاج پر مجبور کیا۔
مظاہرے میں شامل خواتین نے منتخب اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد وہ اسلام آباد کو ترجیح دیتے ہیں اور اپنے ووٹرز کو بھول جاتے ہیں۔