کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج جاری رکھنے کا اعلان
کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز نے ساتھیوں کیخلاف ایف آئی آر واپس لینے کے باجود احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز کا اوپی ڈیز و آپریشن تھیٹر سروس سے بائیکاٹ بھی 33ویں روز میں داخل ہوگیا ہے، انہوں نے احتجاجی تحریک کو مزید تیز کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہمارا مطالبہ ساتھیوں کیخلاف ایف آئی آر واپس لینا نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں سہولیات فراہم کرنے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ 16 ڈاکٹرز سمیت 19 افراد کیخلاف صوبائی حکومت نے گزشتہ روز ایف آئی آر واپس لے لی تھی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایف آئی آر واپس لینے کی سمری پر دستخط کر دیئے تھے۔ محکمہ داخلہ نے محکمہ پراسیکیویشن کو عدالت میں مقدمہ واپس لینے کی درخواست دائر کرنے کیلئے خط بھی لکھ دیا۔ ڈاکٹرز کے خلاف ریڈ زون میں احتجاج، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ سول لائن تھانے میں درج ہے۔ گرفتار ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں آج پیش کیا جارہا ہے۔