ٹماٹر، انڈے، چینی, ایل پی جی، اور خواتین کے جوتوں سمیت 23 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ ملک بھر میں ٹماٹر، انڈے، ایل پی جی، چینی اور خواتین کے جوتے سمیت 23 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جب کہ ہفتہ وار مہنگائی میں 0.40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ اعتراف وفاقی سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت منعقدہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.40 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ چینی، انڈے، ٹماٹر، ایل پی جی اور خواتین کے جوتوں سمیت 23 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پانچ اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جب کہ 23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔