دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر افغان حکام کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان حکام کے ساتھ بہتر بارڈر منیجمنٹ، سفارت کاروں کی سیکیورٹی کو اپ گریڈ کرنے اور دہشت گردی روکنے سمیت تمام مسائل پر بات چیت کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ افغانستان نے کچھ یقین دہانی کرائی ہے اور امید ہے کہ کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔خیال رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا بیان ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے حوالے سے آیا ہے جو کہ افغانستان میں مقیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے رہنماؤں کی منصوبہ بندی اور ہدایات سے کیے گئے ہیں۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک پرامن، خوش حال اور مستحکم افغانستان دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔