کوہستان، دہشت گردوں کے ہاتھوں اٹھارہ افراد کی ہلاکت، مقتولین کی نماز جنازہ بھی آج ادا کی جائے گی۔
کوہستان ميں دہشت گردوں کے ہاتھوں اٹھارہ افراد کی ہلاکت کے بعد گلگت اور ہنزہ نگر ميں صورتحال کشيدہ ہے.کشيدگی کی وجہ سے کرفيو کا سماں ہے اورلوگ گھروں میں محصور ہیں۔ شہر میں مکمل سوگ ہے اور کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی برائے نام ہے۔جاں بحق ہونے والے اٹھارہ افراد کی لاشوں کو گلگت کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں گیارہ افراد کی شناخت ہوچکی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے تین کاتعلق استور،ايک کا پاراچنار،ايک کا گلگت کے علاقے شروٹ اورچھ کا ہنزہ نگر کے مختلف علاقوں سے ہے.جاں بحق ہونے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ آج امامیہ مسجد گلگت میں ادا کی جائے گی جس کے بعد میتوں کو ان کےآبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیا جائے گا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل بان کی مون نے واقعہ کی شديد مذمت کرتے ہوئےکہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نےجاں بحق افراد کے لواحقين سے اظہار تعزیت بھی کیا۔