پاکستان موبائل فونز کی فروخت میں دنیا میں ساتویں نمبر پر
پاکستان میں سالانہ3کروڑ40 لاکھ موبائل فونز فروخت کئے جاتے ہیں۔ موبائل فونز کی فروخت کے حوالے سے پاکستان دنیا کا ساتواں بڑا ملک ہے۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ(ای ڈی بی) کے حکام نے کہا ہے کہ اندورن ملک موبائل فونز کی تیاری سے روزگار کے 2 لاکھ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھرکی کئی معروف کمپنیاں پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری میں دلچسپی رکھتی ہیں اور اس حوالے سے متعارف کرائی گئی مینوفیکچرنگ پالیسی سے برآمدات کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موبائل فونز کی تیاری سے پاکستان سپلائی چین کے ذریعہ عالمی مارکیٹ سے منسلک ہوگا اور قومی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سال2019ءکے دوران 3 کروڑ40 لاکھ سے زیادہ فون سیٹ فروخت کے گئے اور پاکستان موبائل فونز کی فروخت کے حوالے سے دنیا کا ساتواں بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موبائل تیار کرنے والی صنعت کے فروغ سے قومی معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کی شرح کوبھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔