الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کیلئے حتمی ضابطہ اخلاق جاری کردیا، صدر وزیراعظم، گورنرز، وزرائے اعلٰی اور مشیران انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے عام انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے، جس کے مطابق صدر، وزیراعظم، گورنرز اور وزرائے اعلٰی اور مشیران الیکشن مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے اور نہ ہی اپنے حلقوں کا دورہ کرسکیں گے جبکہ نگران حکام پر بھی اس پابندی کا اطلاق ہوگا ۔ پولنگ سٹیشن سے چارسوگزکے فاصلے تک انتخابی مہم اورسوگز کے اندرووٹ مانگنا ممنوع ہوگا جبکہ لاؤڈ سپیکر اور وال چاکنگ پر بھی پابندی ہوگی۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن کے دوران خواتین کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جاسکے گا،امیدوار انتخابی اخراجات کے لئے ایک اکاونٹ مختص کریں گے، اور سرکاری اخراجات سے اشتہارات دینے پر بھی پابندی ہوگی، امیدوار الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر دباو نہیں ڈال سکیں گے، پولنگ کے روز اور اس کے ایک روز بعد اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ پر سختی سے پابندی عائد ہوگی،ریٹرنگ آفیسر کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہونگے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدواروں کو نااہلی کی سزا کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔