پاکستان مسلم لیگ نواز نے بہاولپورجنوبی پنجاب صوبے سے متعلق کمیشن اور اس کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کمیشن اپنی رپورٹ پر نظرثانی کرے۔

چیئرمین نیربخاری کی صدارت میں سینٹ کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، اور عوام کو نئے صوبے کے معاملے پر بیوقوف بنایا جارہا ہے۔ ابھی اٹھارہویں ترمیم پر عمل درآمد مکمل نہیں ہوا لیکن ایک نیا محاذ کھول دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ کے پرویزرشید، جعفراقبال اور دیگر نے کہا کہ یہ کیسا کمیشن ہے جس میں اپوزیشن سے مشاورت نہیں کی گئی۔ جس پرفرحت اللہ بابر کا کہنا تھاکہ یہ کوئی انتخابی نعرہ نہیں، نئے صوبوں کا معاملہ بہت پہلے اٹھایا گیا تھا۔ وقفہ سوالات میں سی ڈی اے بورڈ ممبران کے نام، تعلیمی قابلیت اور تجربے کے متعلق مسلم لیگ نواز کی نجمہ حمید کے سوال کا مناسب جواب نہ آنے پر چیئرمین نیئربخاری اور جہانگیربدر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ اجلاس میں وزیرمملکت برائے خزانہ سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برس میں آئی ایم ایف سے سات ارب ستاسی کروڑ ڈالر قرضہ حاصل کیا گیا۔ دوران اجلاس جے یوآئی اور بی این پی نے بلوچستان میں گورنر راج کے خلاف سینٹ سے واک آؤٹ بھی کیا جبکہ فیئر ٹرائل بل دوہزار بارہ بھی پیش کردیاگیا۔ اجلاس بدھ کی شام چار بجے تک ملتوی کردیا گیا۔