نون لیگ بتائے کہ ان کا دھرنا الیکشن کمیشن کے حق میں ہے یا اس کے خلاف ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات قمرزمان کائرہ

اسلام آباد میں انفارمشین سروس اکیڈمی کی ویب سائٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات قمرزمان کائرہ کا کہنا تھاکہ نون لیگ کا دھرنا بے معنی ہے، ایک طرف وہ الیکشن کمشن کو مضبوط کرنے کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف دھرنا بھی دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ نون لیگ کے پاس اسمبلیوں کا فورم ہے، دھرنے کی بجائے اسے استعمال کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ کراچی میں ووٹرلسٹوں کا معاملہ حکومت کانہیں الیکشن کمیشن کا ہے اور الیکشن کمیشن اس حوالےسے کسی بھی ادارے سے مدد لے سکتا ہے، تاہم الیکشن کمشن کے پاس ٹیکنیکل بھرتیوں پر پابندی کا اختیار نہیں ہے۔ وزیراطلاعات نے قائد حزب اختلاف کی جانب سے صوبہ بہاولپور جنوبی پنجاب کے لئے بی جے پی کا لفظ استمعال کرنے کی شدید مذمت کی۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھاکہ ایک ہی وقت اسمبلیوں کی تحلیل کے لئے صوبوں سے مشاورت کریں گے تاہم چوہدری نثار کے پاس ماچس بھی ہے اور چابی بھی وہ شرارت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے انتخابی اتحاد کی خبریں بے بنیاد ہیں جبکہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔