آسٹریلیا آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔
جیک ایڈورڈز کی آل راﺅنڈ کارکردگی کی بدولت آسٹریلوی ٹیم آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ آسٹریلیا نے پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دےکر فائنل کےلئے کوالیفائی کرلیا۔ جیک ایڈورڈز کو شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی کی بدولت میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جیک ایڈورڈز نے باﺅلنگ کے شعبے میں ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے کے ساتھ عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 72 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ افغانستان کی طرف سے ملنے والا 182 رنز کا ہدف کینگروز نے 37.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ افغانستان کی طرف سے اکرام علی 80 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ منگل کو کرائسٹ چرچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو افغانستان ٹیم کے کپتان نوین الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کینگروز باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت افغانستان کی انڈر 19 ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 48 ویں اوورز میں 181 رنز پر آﺅٹ ہوگئی اور اس نے آسٹریلیا کو میچ میں کامیابی کے لئے 182 رنز کا ہدف دیا۔ اکرام علی 80 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلوی باﺅلرز کی شاندار باﺅلنگ کے باعث 7 افغانی بلے باز دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے جوناتھن مرلو نے چار، زک ایوانز نے دو جبکہ ہیڈلے، ایڈورڈز، سُودرلینڈ اور پوپی نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے جیک ایڈورڈز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 37.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جیک ایڈورڈز نے 72، اوپل نے ناقابل شکست 32 اور کپتان جیسن سنگہا نے 26 رنز بنائے۔ جوابی اننگز میں آسٹریلیا نے 37ویں اوور میں ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف حاصل کرلیا۔ افغانستان کی طرف سے قیس احمد نے دو منیب اور نوین الحق نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ آسٹریلیا کے جیک ایڈورڈز کو شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بدھ کو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے (نیوزی لینڈ کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے) شروع ہوگا۔