میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے,چیئرمین نیب
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے لوٹی گئی رقم کو قانون کے مطابق واپس لایا جائے گا۔ میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ چئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نیب آپریشن ڈویژن، پراسیکیوٹر ڈویژن اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جبکہ تمام علاقائی ڈی جیز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا کہ گیلپ اور گیلانی سروے کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 59 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بدعنوانی سے لوٹی گئی اور منی لانڈرنگ سے بیرون ملک بھجوائی گئی رقوم کو قانون کے مطابق واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب عدالتوں میں ایک ہزار 210 بدعنوانی کے ریفرنس زیر سماعت ہیں۔ ان ریفرنسز کی مالیت تقریباً 900 ارب روپے ہے۔ چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے الگ سیل قائم کیا ہے۔ جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز، کوآپریٹو سوسائٹیوں کے خلاف نیب کی تحقیقات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا