کراچی:سندھ حکومت نے ڈاکٹروں کے مطالبات مان لیے
سندھ حکومت نے ڈاکٹروں کے مطالبات منظور کرتے ہوئے ان کے الائونسز میں اضافہ کردیا ہے۔ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطالبات منظور کرتے ہوئے مختلف گریڈز میں 25 ہزار سے 75 ہزار تک اضافہ کیا گیا ہے۔وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا پیچوہوکے مطابق گریڈ 17 اور 18کے ڈاکٹر60 ہزار تک جبکہ گریڈ 19 اور 20 کے ڈاکٹر90 ہزار روپے تک الائونس لے سکیں گے۔ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرمریضوں کی تکالیف مد نظر رکھتے ہوئے ہڑتال ختم کردیں۔واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز تنخواہوں میں اضافہ نہ کیے جانے پر دوسرے روز بھی سراپا احتجاج تھے، ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے او پی ڈیز میں کام نہیں ہورہا تھا اور مریض رل رہے تھے۔ڈاکٹروں کی تنظیم پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بھی اس ہڑتال میں شامل ہوگئی تھی جس کی کال پر سندھ کے شہروں حیدر آباد، ٹھٹھہ، جیکب آباد، شکار پور، سکھر، کشمور اور پڈعیدن میں سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹراحتجاج کرتے ہوئے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کر رہے تھے۔