لورالائی: ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر حملہ، 5 پولیس اہلکارشہید، 19 زخمی
کوئٹہ :لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر میں حملے میں 5 ا پولیس اہلکار شہید جب کہ 19 زخمی ہو گئے جب کہ فورسز کی فائرنگ میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ لورالائی میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا اور فائرنگ کی جب کہ علاقے میں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ڈی آئی جی آفس میں فائرنگ سے اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے جن میں 4 کی حالت تویشناک ہے۔پولیس کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب ڈی آئی جی کے دفتر میں پولیس میں بھرتیوں کے لیے انٹرویو جاری تھے، واقعے کے بعد علاقے میں پولیس سمیت دیگر فورسز کے اہلکاروں کی نفری طلب کرلی گئی جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا جب ڈی آئی جی نثار احمد خان سمیت 15 افسران و اہلکاروں کو بحفاظت دفتر سے نکال لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی آفس میں چار مسلح افراد داخل ہوئے اور فائرنگ کی جس کے بعد پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 حملہ آور مارا گئے، شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت صادق علی، غلام محمد، جاوید احمد، مطیع اللہ اور نعمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ فائرنگ کے بعد پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔