چین میں موجود 4 پاکستانی طلبا میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے: ڈاکٹر ظفرمرزا
معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین میں موجود 4 پاکستانی طلبا میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم چین پاکستانی طلبا کے لئے اقدامات کررہا ہے ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کرونا ایک نئی بیماری ہے ، جس کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس پہلے بیماریاں پھیلا چکا ہے ۔ اور اب یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ یہ بیماری جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوئی ہے ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید بتایا کہ کرونا وائرس کی کوئی مخصوص علامات نہیں ہیں ۔سر درد ،بخار اور سانس میں تکلیف اس کی علامات میں شامل ہیں ۔کرونا وائرس کی تشخیص لیبارٹری ٹیسٹ میں ہوتی ہے ۔ لیبارٹری میں جانچ سے پہلے تک نہیں کہا جاسکتا کہ کرونا وائرس ہے ۔ معاون خصوصی صحت نے کہا کہ آج صبح کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں 052 6 لوگوں میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس میں سے 99 فیصد لوگوں کا تعلق چین سے ہے ۔14 ملکوں میں جو کہ چین اور اس سے ملحقہ علاقے ہیں ان میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔چین سے باہرکے لوگوں میں ابھی تک کسی بھی مریض کی موت نہیں ہوئی ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا میں یہاں یہ بھی بتاتا چلوں کہ چین نے اس وائرس سے نمٹنے کے لئے بہت بہتر اقدامات کئے ہیں ۔اورپوری دنیا نے ان اقدامات کو سراہا ہے ۔ چین کے صوبے ووہان کو مکمل طور نقل وحمل کے لئےبند کردیا گیا ہے اور ان کی کوشش ہےکہ کوئی بھی چینی شہری ملک سے باہر نہ جائے ۔چینی حکومت بیرون ملک جانے والے ہر چینی شخص کی تشخیص کررہا ہے ۔ چین کے اقدامات نے پوری دنیا کو محفوظ کردیا ہے ۔کرونا وائرس سے متعلق عالمی ادارہ صحت نے احتیاطی تدابیر بھی جاری کردی ہیں ۔