پاکستان کو مستحکم راستے پرگامزن کردیاگیا ہے: فردوس عاشق اعوان
اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مشکل مرحلے سے گزرنے کے بعد پاکستان کو مستحکم راستے پر گامزن کردیاگیا ہے ۔آج اسلام آباد میں ایک مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خواتین نے ملک کو آگے بڑھانے کی تحریک میں نمایاں کردارادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ خواتین ملک کا ایک عظیم اثاثہ ہیں اور وہ زندگی کے ہرشعبے میں اپنی مہارتوں کامظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ مغربی دنیا ذرائع ابلاغ پر پروپیگنڈے کے ذریعے ہمارے مذہب کا تشخص مجروح کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے مذہب اور قوم کا دہشت گردی اور عسکریت پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔