عثمان بزدار سے خواتین ایم پی ایز کی ملاقات، فلاح عامہ کے منصوبوں پر بات چیت
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے خواتین ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ہے، جس میں فلاح عامہ کے منصوبوں، خواتین اراکین اسمبلی کو مزید با اختیار بنانے اور مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں مومنہ وحید، آسیہ امجد، عائشہ نواز اور شاہینہ کریم کھوسہ شامل تھیں۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خواتین ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار انتہائی محنت کے ساتھ صوبے کو آگے لے کر جا رہے ہیں، خوشی ہے ماضی میں نظر انداز کئے گئے پسماندہ علاقوں پر توجہ دی جا رہی ہے، آپ اراکین اسمبلی کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرتے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ پنجاب میں آپ جیسا وزیراعلیٰ ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ خواتین ارکان صوبائی اسمبلی کو ان کا جائز حق دیں گے، عوام کے مسائل کے حل کے لئے خواتین ارکان اسمبلی کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، خواتین کو با اختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، صنفی امتیاز کے خاتمے، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سماجی و معاشی خود مختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں، ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کیلئے سرکاری و نجی اداروں میں ڈے کیئر سینٹرز کا قیام عمل لایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ آپ کے علاقوں کے مسائل نوٹ کر لئے ہیں، انہیں فوری طو ر پر حل کریں گے، عوام کے حالات بدلنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں خواتین ارکان اسمبلی کے مشوروں کو بھی اہمیت دیں گے، سابق ادوار میں ارکان اسمبلی کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، گزشتہ حکومت نے اسمبلی کو ربڑ سٹمپ سے زیادہ اہمیت نہیں دی، ارکان اسمبلی ہمارے سر کے تاج ہیں، کوئی معاشرہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، نئے پاکستان میں خواتین کو عزت و احترام، ترقی، خود مختاری اور تحفظ دیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور فلاح عامہ کے منصوبو ں پر بات چیت کی گئی۔ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کرنے والوں میں میاں محمد اختر حیات، چودھری لیاقت علی، سلیم سرور جوڑا، غلام علی اصغر خان، چودھری افتخار حسین، احمد خان، امین اللہ خان، مامون تارڑ اور محمد ارشد چودھری شامل تھے۔