قبضہ گروپس کے محل گرنا، بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالنا ہی تبدیلی ہے: وزیراعظم عمران خان

ساہیوال میں تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کیلئے ابھی سے ریٹ لگنا شروع ہو چکے ہیں، ہمیں معلوم ہے کونسا سیاسی لیڈر پیسے لگا رہا ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا، سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلیٹنگ کیلئے آئینی ترمیم کا رہے ہیں، کرپشن کو روکنے کی ترامیم کے مخالف قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فارن فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں، سب کو پتا ہے کہ اسامہ بن لادن نے کس کو پیسے دئیے تھے، اکاونٹس کی اسکروٹنی ہوئی تو تحریک انصاف کے اکاونٹس شفاف نکلیں گے، ہم نے الیکشن کمیشن میں چالیس ہزار اکاونٹس کا ڈیٹا دیا ہے، چیلنج کرتا ہوں یہ جماعتیں ایک ہزار اکاونٹس کی تفصیلات بھی نہیں دے سکتیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی پشت پناہی کے بغیر سرکاری زمینوں پر قبضہ نہیں ہو سکتا، مریم نواز نے غیر قانونی کھوکھر پیلس پر کھڑے ہو کر قبضہ مافیا سے اظہار یکجہتی کیا، کھوکھر برادران نے 130کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہوا تھا، خود کو مستقبل کا لیڈر کہنے والی مریم نواز قبضہ مافیا کی حمایت کر رہی ہیں، ان کے دور میں ہر سیاسی رہنماء نے سرکاری زمینوں پر قبضے کئے، جب ملک کا ایک وزیراعظم قبضہ گروپس کی پشت پناہی کرے تو باقی کسی کو کون روکے گا، بڑے بڑے ڈاکووں اور قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑا جائے گا۔عمران خان نے لاہور میں قبضے کی زمین پر تعمیر کردہ کھوکر پیلس گرانے پر عثمان بزدار کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالنا اور قبضہ گروپ کے محل گرانا یہ ہوتی ہے تبدیلی، لاہور کے سب سے بڑے قبضہ گروپ کی پشت پر نواز شریف اور اس کی حکومت کھڑی تھی، میں نے وہ محل گرتے دیکھا، لوگ پوچھتے ہیں تبدیلی کہاں ہے تو یہ ہوتی ہے تبدیلی۔وزیراعظم نے کہا کہ جس فورم پر اپوزیشن کے خلاف فیصلہ آئے وہ اس کو نہیں مانتے، نیب ان کی کرپشن پکڑ رہی ہے یہ نیب کو بھی نہیں مانتے، ماضی میں یہ ججز سے اپنی مرضی کے فیصلے کرواتے رہے۔ نون لیگ نے مرضی کا فیصلہ نہ آنے پر سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔