پاکستان سپر لیگ:اسٹیڈیم میں 12 سال سے کم عمر شائقین کاداخلہ بند
پاکستان سپر لیگ کے میچ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 12سال سے کمر عمر بچوں کے اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی لگادی اور بچوں کیلئے خریدے جانے والے ٹکٹس ری فنڈ کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اومی کرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر این سی او سی نے اسٹیڈیم میں بچوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ این سی او سی کاکہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں بارہ سال سے کم عمر بچوں کوداخل ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل میں 12 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسینیشن کارڈ دکھا کر اسٹیڈیم میں داخل ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن پر بھی کورونا کے سائے منڈلا رہے ہیں اور اومی کرون کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کراچی میں صرف 25 فیصد شائقین کے ساتھ میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صرف 8ہزار شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے باعث آنے والی وبا کی پانچویں لہر سے بچاؤ کے لیے پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم شامل کی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2022 کے میچز دو مرحلوں میں منعقد ہوں گے، پہلا مرحلہ کراچی اور دوسرا لاہور میں منعقد ہو گا۔ کراچی میں 27 جنوری سے 7 فروری تک پی ایس ایل کے میچز ہوں گے جس کے بعد دیگر 15 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔ ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا، کوالیفائر 23 فروری پہلا اور دوسرا ایلیمنیٹر بالترتیب 24 اور 25 فروری کو کھیلا جائے گا۔