عمران خان کو اقتدار سے کوئی نہیں نکال سکتا وہ 2023تک وزیر اعظم رہیں گے۔ چوہدری محمد سرور
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ عام انتخابات وقت سے ایک دن بھی پہلے نہیں ہونگے ناکامی اپوزیشن کا مقدر ہے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جنوبی پنجاب کے ورکرز کے اعزاز میں ناشتہ کروایا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اقتدار سے کوئی نہیں نکال سکتا وہ 2023تک وزیر اعظم رہیں گے۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں وزیر اعظم عمران خان کسی سے بلیک میل ہونیوالے لیڈر نہیں، اپوزیشن جماعتیں تقسیم ہیں انکے احتجاجی مارچ بھی سیاسی مشہوری کیلئے ہوں گے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عام انتخابات وقت سے ایک دن بھی پہلے نہیں ہونگے ناکامی اپوزیشن کا مقدر ہے، اپوزیشن سڑکوں پرآنے کی بجائے الیکشن کا صبر وتحمل سے انتظار کر ے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں اپوزیشن کو ہمیشہ شکست اور حکومت کامیاب ہوتی ہے، موجودہ حکومت ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا چاہتی ہے۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے حکومت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر رہی ہے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف کے کارکنوں جیسی طاقت کسی اور سیاسی جماعت کے پاس نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین تر جیح ہے۔