صدرمملکت نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلیے منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلا لیا
صدرمملکت ممنون حسین نے یکم اگست کو تین بجے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس وزیراعظم کے انتخاب کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے بھیجی گئی تھی۔ اٹھائیس جولائی کو پاناما کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ حکمران جماعت مسلم لیگ نون نے عبوری وزیراعظم کے لیے سابق وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی کا نام فائنل کیا ہے۔ ان کی وزارت عظمی کا دورانیہ صرف پینتالیس روز پر محیط ہو گا۔ دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے بشمول پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا ہے۔ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کی جانب سے وزارت عظمٰی کے لیے مشترکہ امیدوار کے بجائے الگ الگ امیدوار سامنے لانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے لائحہ عمل کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔