عمران خان 14 اگست سے پہلے وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبہ پنجاب کے حوالے سے حکومت سازی پر مشاورت کر لی گئی ہے اور انھیں امید ہے کہ عمران خان 14 اگست سے پہلے وزیراعظم کا حلف اٹھا لیں گے۔اسلام آباد میں سنیچر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن حالیہ انتخابات میں پی ٹی آئی سے شکست کھا چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ہمیشہ سیاست میں منفی کردار ادا کیا اور وہ اس وقت بھی منفی سوچ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔حکومت سازی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام کامیاب آزاد امیدواروں سے رابطے ہیں اور اس حوالے سے جلد نتائج سامنے آئیں گے۔نعیم الحق کا کہنا تھا 'پاکستان کو بچانے کے لیے تحریک انصاف مکمل تیار ہے اور عمران خان 14 اگست سے پہلے وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے'۔