پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے تحت پہلی تعیناتی کے دوران عمان پہنچ گیا
اسلام آباد( 29 جولائی 2018 ) پاک بحریہ کاایف22پی ڈسٹرائر جہاز پی این ایس سیف، خلیج عدن اور جنوبی بحر احمر کے علاقے میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول تعیناتی کے دوران عمان کی بندر گاہ مسقط پہنچ گیا۔ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا مقصد اہم بحری مقامات اورتنگ راہداریوں پر میری ٹائم سکیورٹی اور قومی وبین الاقوامی جہاز رانی کومحفوظ بنانے کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادئیگی اورکھلے سمندروں میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حمل کو یقینی بنانا ہے۔اس دورے کے دوران، پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسر نے رائل عمان بحریہ کے فلیٹ سٹاف کے سربراہ اور دیگر اعلی فوجی حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران،ا ±نہوںنے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے عمانی عوام کو بالعموم اور رائل عمان بحریہ کے جوانوں اور افسران کو بالخصوص نیک خواہشات کاپیغام پہنچایا۔
پی این ایس سیف پر استقبالیہ کا انتظام بھی کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی سیدبن سلطان نیول بیس کے کمانڈنگ آفیسر، کموڈور سیف بن محمد الحبصی تھے، جبکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر جناب عزت مآب علی جاوید میزبانی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ اس موقع پر مہمانوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی جن میں پاکستان اور عمان کے سفراء، فوجی حکام اور دیگر اعلی حکومتی عہدیداران شامل تھے۔ علاوہ ازیں مقامی لوگوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی پی این ایس سیف کا دورہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔پاکستان اور عمان کے درمیان مضبوط سفارتی اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ پی این ایس سیف کایہ دورہ دونوں ممالک میں تعلقات کو تقویت دینے کا باعث بنے گا۔ دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لئے افسران اور جوانوں کو آپس میں بات چیت کے مختلف مواقع بھی فراہم کئے گئے۔ بحری آپریشنز میں مزیدبہتری لانے کے لئے پاک بحریہ کے جہاز نے رائل عمان بحریہ ( RNOV)کے جہاز خصب(KHASSAB) کے ساتھ مشق پیسکس(PASSEX) میں بھی حصہ لے گا۔ مشق کے اختتام پر پی این ایس سیف خلیج میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے فرائض دوبارہ سنبھال لے گا۔ پاک بحریہ ہمیشہ سے بحری ماحول کو محفوظ بنانے کیلئے بحری قزاقی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے جو سمندروں میں دہشت گردی، منشیات و انسانی سمگلنگ اوربحری قزاقی کے خلاف جنگ میںپاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)