ایازصادق نے ووٹوں کی ری کاؤنٹنگ میں بھی میدان مار لیا, پی ٹی آئی کے عبدالعلیم خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا
لاہورمیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو انتیس میں ری کاؤنٹنگ کا نتیجہ آ گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلم لیگ ن کے ایازصادق نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔ ریٹرننگ آفیسر کی نگرانی میں چالیس پولنگ اسٹیشنز کی گنتی مکمل ہوئی۔ ایاز صادق کے ووٹوں میں مزید تیس ووٹوں کا اضافہ سامنے آنے کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے گنتی روک دی اور ایازصادق کو فاتح قرار دیدیا۔ دوسری جانب لاہورمیں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی ایک سو سڑسٹھ پر ووٹوں کی ری کاؤنٹنگ میں پی ٹی آئی امیدوار نذیرچوہان کامیاب قرار پائے۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں محمد سلیم نے دی تھی۔ ادھر جھنگ کے حلقہ پی پی 128 میں بھی دوبارہ گنتی کاعمل مکمل کر لیا گیا۔ پی ٹی آئی کے غضنفرعباس قریشی دوبارہ گنتی میں بھی کامیاب قرارپائے ہیں۔ہارنے والےآزادامیدوارخالد محمودسرگانہ نےدوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔