مولانا صاحب جمہوریت پر خودکش حملے کے بجائے حجرے کا رخ کریں، فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا صاحب جمہوریت پر خودکش حملے کے بجائے حجرے کا رخ کریں، کرسی کی بے تابی میں جمہوریت سے نہ کھیلیں۔ مولانا فضل الرحمان کے خطاب پر ردعمل میں دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا صاحب جمہوریت پر خودکش حملے کے بجائے اپنے حجرے کارخ کریں۔ فساد اور انتشار کے بجائے تبلیغ برائے اصلاح کا فریضہ سرانجام دیں۔ مولانا صاحب کا بس ایک ہی مطالبہ ہے کہ سانوں وی کھڈاؤ نہیں تے کھیڈ مکاؤ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا صاحب کرسی کی بے تابی میں جمہوریت سے نہ کھیلیں۔ الیکشن 2018ء میں شکست اور سیاسی محرومی کا بدلہ جمہوری نظام سے نہ لیں۔ مولانا صاحب آپ ان اسباب پر غور کریں جن کی وجہ سے الیکشن میں شکست ہوئی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اکتوبر میں اسلام آباد رخ کرنے کی دھمکیاں دینے والے اکتوبر 99 میں کہاں تھے؟ انہوں نے مزید کہا کہ آپ الیکشن کیلئے بےتاب ہیں کیونکہ 88 کے بعد پہلی بار ایوان میں نہیں پہنچے۔ پچ پر لگا تار کھیلنے والوں کو اب سرکاری وسائل کے بغیر رہنے کی عادت ڈالنا ہوگی